سداپور،9؍جون (ایس او نیوز) نصابی کتب میں ترمیم کی مخالفت کرتے ہوئے نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا نے ریاستی وزیر تعلیم کے گھر کے روبرو جو احتجاج کیا تھا اس سلسلے میں این ایس یو آئی کے ریاستی صدر کیرتی گنیش کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھ ۔ اس گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے این ایس یو آئی سداپور یونٹ نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کیرتی گینیش کو رہا کیا جائے ۔
نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے این ایس یو آئی سداپور ضلع کے صدر وشوا گوڈ اٹگی نے کہا کہ نصابی کتب کی ترمیم کرکے امبیڈکر اور بھگت سنگھ وغیرہ کو نصاب سے ہٹایا گیا ہے اور آرایس ایس قائدین کو نصاب میں شامل کیا گیا ہے - یہ طلبہ کے مستقبل کو برباد کرنے جیسا اقدام ہے ۔ اس لئے اس ترمیم کے خلاف وزیر تعلیم کے گھر کے سامنے پرامن احتجاج کیا گیا تھا ۔ پولیس نے اس پر کارروائی کرتے ہوئے این ایس یو آئی کے ریاستی صدر اور دیگر کارکنان کو گرفتار کیا ہے ، اور ان پر جھوٹے اور سنگین ناقابل ضمانت الزامات لگائے گئے ہیں ۔ طلبہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف ہماری تنظیم نے آواز اٹھائی ہے ۔ اس پر ہمارے ریاستی صدر کو گرفتار کرکے ہمیں دبانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ۔ اس طرح کے اقدامات سے ہماری تنظیم اور مضبوط ہوگی ۔
واضح رہے کہ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (یعنی این ایس یو ائی) کانگریس کی طلبہ تنظیم ہے۔